سپریم کورٹ کے ججز کے درمیان کوئی جھگڑا اور ہاتھا پائی نہیں ہوئی ،وضاحتی بیان
اسلام آباد۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ججز کالونی پارک میں ججوں کے درمیان مبینہ جھگڑے اور ہاتھا پائی کے حوالہ سے جھوٹی خبروں کی تردید کی ہے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں 13 اپریل 2023ء کو ججز کالونی پارک میں شام کو واک کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججوں کے درمیان مبینہ جھگڑے اور ہاتھا پائی کے حوالہ سے ایک سراسر جھوٹی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔ اس رپورٹ کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے پیش اور اجاگر کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس رپورٹ کی سخت ترین الفاظ میں تردید کی جاتی ہے اور یہ خبر ساسر جھوٹ، شرارت اور بدنیتی پر مبنی ہے جبکہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز کے بارے میں جعلی رپورٹنگ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ عدالت اور اس کے معزز ممبران کے وقار کو کم کرنے کے لیے منحرف عناصر کی کوشش کی نمائندگی کرتی ہے۔