وزیراعظم سے اتحادی جماعتوں کے وفود کی ملاقاتیں، مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت

0

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اتحادی جماعتوں کے وفود نے ملاقاتیں کیں جن میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان اور وزیر مملکت برائے سمندر پار مقیم پاکستانی عون چوہدری نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مجوزہ آئینی ترمیم پر رائے کا تبادلہ اور مختلف نکات پر مشاورت ہوئی۔

اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔

اسی سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) کے چار رکنی وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو اور مشاورت کی گئی۔ وفد میں سینیٹر کامل علی آغا، رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد الیاس اور فرخ خان شامل تھے۔

در ایں اثناء ایم کیو ایم کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں میں اہم قومی معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے، سیاسی اتفاقِ رائے اور پارلیمانی عمل کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.