ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز ٹیم آغاز ہی سے دباؤ میں رہی، اور پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے دو اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر گرین شرٹس کو شاندار آغاز دلایا۔
مہمان ٹیم کے بلے باز ریزا ہینڈرکس (34) اور کوربن بوش (30) نے کچھ مزاحمت دکھائی، تاہم پاکستانی باؤلرز کے سامنے کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، جبکہ فہیم اشرف اور ڈیبیوٹینٹ عثمان طارق نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی شروعات کچھ خاص نہ رہی۔ اوپنر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ صاحبزادہ فرحان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر بابر اعظم اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ شراکت قائم کی۔ سلمان علی آغا 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان نے ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور یوں 4 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ سیریز 1-2 سے جیت لی۔