لی چھیانگ شمالی کوریا کے سرکاری دورے پر پیانگ یانگ پہنچ گئے

0

پیانگ یانگ:چین کے وزیرِاعظم لی چھیانگ شمالی کوریا کے سرکاری دورے پر پیانگ یانگ پہنچ گئے، جہاں وہ شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کے قیام کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

چینی وزیرِاعظم لی چھیانگ، سی پی سی (کمیونسٹ پارٹی آف چائنا) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بیجنگ سے چارٹر طیارے کے ذریعے پیانگ یانگ پہنچے۔ پیانگ یانگ کے سونان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال شمالی کوریا کے وزیرِاعظم اور ورکرز پارٹی کے سیاسی بیورو کے مستقل رکن پاک تائی سانگ نے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ کیا۔

ایئرپورٹ پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور شمالی کوریا پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے ہمسایہ سوشلسٹ ممالک ہیں، جن کے درمیان روایتی دوستی کی گہری جڑیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور کم جونگ اُن کی اسٹریٹجک رہنمائی اور ذاتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔

چینی وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین شمالی کوریا کے ساتھ مل کر اعلیٰ قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد، اسٹریٹجک روابط کے فروغ، قریبی تعلقات کے استحکام اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.