شہباز شریف ملائیشیاء کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے،پر تپاک استقبال
کوالالمپور:وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیاء کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے۔
کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیاء کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل ، ملائشیاء میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش پر لایا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی رہائش آمد پر ملائیشیاء کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں ملائیشیاء آمد پر خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیاء آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے ؛ پر تپاک استقبال پر ملائیشیاء کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،اس دورے سے پاکستان -ملائیشیاء دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں
وزیراعظم، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی دعوت پر ملائیشیاء کا دورہ کر رہے ہیں
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ملائیشیاء کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی.
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے،عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔