سیرین ایئر لائن کا فضائی آپریشن معطل

0

کراچی :پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ملکی نجی ایئرلائن سیرین ایئر کا ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ (AOC) معطل کرتے ہوئے اس کا ملکی و بین الاقوامی فضائی آپریشن فوری طور پر بند کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ سرکاری خط میں کہا گیا ہے کہ سیرین ایئر کے بیڑے میں شامل کسی بھی طیارے کو اڑان کے قابل نہیں پایا گیا۔ ادارے نے قرار دیا کہ ایئرلائن کا آپریشن محفوظ پرواز کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا، جس کے باعث ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ معطل کرنے کا فیصلہ ناگزیر تھا۔

سی اے اے کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز نے سیرین ایئر انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کمپنی اپنا آپریٹرز سرٹیفکیٹ واپس کرے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائن قواعد و ضوابط پر عمل درآمد میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

دوسری جانب، ترجمان سیرین ایئر نے وضاحت کی ہے کہ ایئرلائن کے طیارے عارضی تکنیکی وجوہات کے باعث گراؤنڈ ہیں۔ ترجمان کے مطابق، کمپنی کا ایک جہاز مینٹیننس کے لیے چین میں موجود ہے، ایک طیارہ چار سالہ چیک کے تحت ہینگر میں رکھا گیا ہے جبکہ سعودی عرب میں ایک طیارہ پرندے سے ٹکراؤ کے بعد عارضی طور پر گراؤنڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائن نے سی اے اے سے درخواست کی ہے کہ سعودی عرب میں پھنسے مسافروں کی واپسی کے لیے طیارے کو وطن واپس لانے کی اجازت دی جائے۔ مزید کہا گیا کہ سیرین ایئر نے سی اے اے کو خط لکھ کر فیصلے پر نظرِثانی کی درخواست کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایئرلائن کا آپریٹرز سرٹیفکیٹ جلد بحال کر دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.