وزیرِاعظم آج سے ملائیشیا کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد:وزیرِاعظم محمد شہباز شریف آج سے ملائیشیا کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے انہیں دورے کی دعوت دی ہے،وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے جو باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے ملائیشین ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے جن میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما تجارت، اطلاعات و مواصلات ،آئی ٹی و ٹیلی کام ،حلال صنعت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جانے کے امکانات ہیں۔