شہباز شریف اور فضل الرحمن کا ٹیلی فون پر رابطہ،پاک،سعودی معاہدے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
لاہور: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور جمیعت علماء اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حالیہ دفاعی معاہدے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے پاک۔سعودی دفاعی معاہدے کو تاریخی اور دور رس اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف مسلم دنیا کے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنائے گا بلکہ پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت حاصل ہونا باعثِ فخر ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں مستقل امن کی ضرورت، فلسطینی عوام پر مظالم کی روک تھام اور عالمی برادری کی مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور اُن کی آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے حماس کا حالیہ بیان خطے میں امن کی بحالی اور معصوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا، کیونکہ خطے میں امن و ترقی تمام اقوام کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔