صدر زرداری کی چین کی حکومت اور عوام کو 76ویں قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد
اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کی حکومت اور عوام کو اُن کے 76ویں قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت نے چین کو اختراع، عالمی اثر و رسوخ اور پائیدار ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ عوامی مرکزیت پر مبنی حکمرانی، مشترکہ خوشحالی کے لیے جرات مندانہ اقدامات، اور بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کے تصور کی ان کی وکالت نہ صرف چینی قوم بلکہ اُن سب کے لیے تحریک کا باعث ہے جو زیادہ جامع اور تعاون پر مبنی دنیا پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ ہماری کثیرالجہتی اور آزمودہ دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ چین کے حالیہ دوروں کے دوران ہماری تجارت و بنیادی ڈھانچے کے روابط کے فروغ اور تزویراتی سلامتی کے تعاون کے عزم کو مزید تقویت ملی۔
صدر کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ عوامی روابط، جو سائنس، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت میں تعاون سے جڑے ہیں، مزید گہرے ہوں کیونکہ یہی ہماری دیرپا شراکت داری کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری دوستی آنے والے برسوں میں مزید پروان چڑھے گی۔