پنجاب اسمبلی الیکشن ، فنڈز کی عدم فراہمی پر 14 اپریل کو سپریم کورٹ میں پیشی کا حکم
اسلام آباد : رجسٹرا ر سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کے معاملہ پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اپریل کو چیف جسٹس کے چیمبر میں طلب کر لیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو پنجاب اور کے پی کے سے متعلق تمام ریکارڈ بھی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک ، سینئر ترین افسر ، اٹارنی جنرل ، سیکرٹری خزانہ عدالت کے حکم پر عمل نہ کرنے کی رپورٹ پیش کریں اور 14 اپریل 11 بجے چیف جسٹس کے چیمبر میں حاضر ہوں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی فراہمی کا معاملہ توہین عدالت کی کارروائی سے زیادہ اہم ہے۔ عدالت کے حکم عدولی کے نتائج واضح اور سب کے سامنے ہیں۔ ہر وہ شخص جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرے وہ ذمہ دار اور قابل احتساب ٹھہرایا جائے گا۔ بظاہر وفاقی حکومت نے فنڈز کی فراہمی نہ کرکے عدالت کی حکم عدولی کی ہے۔