مسلح افواج نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا،شہباز شریف
اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار تھیں،پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا،روایتی جنگ میں پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی ہے،تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں
قومی اسمبلی اور قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رات انڈیا کے بزدلانہ حملے میں کئی بچے،خواتین اور مرد شہید ہوگئے، ان شہداء کے درجات اللہ بلند کرے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 22 اپریل کو انڈیا کے ناجائز زیرقبضہ کشمیر میں واقع پہلگام میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا، اس واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا اور بغیر کسی ثبوت کے میڈیا اور حکومتی سطح پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد عالمی رہنمائوں سے بات ہوئی،ہم نے واضح کیا کہ پاکستان کا واقعہ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، پھر بھی صاف شفاف تحقیقات کے لئے عالمی انکوائری کمیشن کے قیام کی پیشکش کی، لیکن اس کا جواب نہیں دیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں روزانہ اطلاعات ملتی تھیں کہ انڈیا کی جانب سے اس حملہ کو بنیاد بنا کر کوئی جارحیت کی جائے گی، افواج پاکستان 24 گھنٹے تیار تھیں کہ کب دشمن کے جہاز اڑیں اور ہم انہیں سبق سکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انڈیا کے مذموم عزائم کی پل پل کی خبر تھی، گزشتہ رات جن طیاروں نے پاکستان پر حملہ کیا ان پر شاہین جھپٹے اور انڈیا کے پانچ جہاز،دوڈرون مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی عزت پاکستان کے عوام کو نہیں مل سکتی تھی، اللہ کے شکر گزار ہیں جو یہ کہتے تھے کہ پاکستان روایتی جنگ میں بہت پیچھے ہے، ان کے تمام تجزیے غلط ثابت ہوئے، پاکستان کی فوج فولادی فوج ہے، اس کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میں تکریم ملی۔
انہوں نے اپوزیشن سمیت ایوان سے التماس کی کہ آئیں ملک کے لئے ہم سب اکھٹے ہوں، اس سے زیادہ اچھا موقع کوئی نہیں ہو سکتا، میں سپیکر چیمبر میں ان سے ملنے کو تیار ہوں، پاکستان کو عظیم قوم بنانے کا یہی موقع ہے، اللہ نے قوم کو دوبارہ موقع دیا ہے۔