سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 33دہشت گردجہنم واصل

0

راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے بعد 33دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا،کلیئرنس آپریشن سے قبل ہی حملہ آوروں نے 21مسافروں کو شہید کر دیا۔
یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 4 جوان بھی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق11 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر مسلح دہشت گردوں نے سبی کے قریب حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا کر ٹرین پر قبضہ کر لیا اور مسافروں، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے، کو یرغمال بنا کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر صورتِ حال کا نوٹس لیا اور دلیرانہ جرات و پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔

طویل، شدید اور بہادری سے بھرپور آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے تمام 33 دہشت گردوں بشمول خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا اور یرغمالیوں کو مرحلہ وار کامیابی سے بازیاب کرا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے کلیئرنس آپریشن کے آغاز سے پہلے 21 معصوم شہریوں کو شہید کر دیا۔جبکہ 4 بہادر سپاہیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ان کی قربانیوں نے بے شمار جانیں بچائیں اور بڑے نقصان کو روکا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.