پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم
اسلام آباد :پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پر فوری اور مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل جنگ بندی کا باعث بنے گی اور انسانی امداد کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند استعمال سے شدید جانی اور املاک کا نقصان ہوا ہے اور اس سے لاکھوں بے گناہ فلسطینی شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم نے پورے خطے کو غیر مستحکم کردیا ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔