رشوت لینے کے الزام میں ڈولفن افسر برطرف
اسلام آباد: اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے رشوت لینے کے الزام میں ڈولفن سکواڈ کے افسر حسن مقصود کو برطرف کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید علی رضا کی براہ راست نگرانی میں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ افسر پر گاڑی کی چیکنگ کے دوران رشوت لینے کے الزامات تھے ۔ اطلاعات کے مطابق حسن مقصود نے رشوت لیکررنگین شیشے والی گاڑی کو آگے جانے دیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر ایک ساتھی پولیس افسر کی طرف سے شکایت درج کرائی گئی تھی، جس سے ملزم کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ اس کے بعد ایک جامع محکمانہ انکوائری ہوئی جس سے معلوم ہوا کہ مزکورہ افیسر پر درست الزامات لگائے گئے تھے اور وہ قصوروار تھا۔انکوائری کے نتیجے میں حسن مقصود کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ڈی آئی جی سید علی رضا نے کہا کہ کرپٹ افسران کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی کارروائیاں عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہیں اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے کسی بھی اہلکار کے خلاف سخت موقف برقرار رکھنے کا عزم کیا۔