ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس میں ناقص انتظامات،کیفے ٹیریاز سیل

0

اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے کا ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس کا دورہ، ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل اپ گریڈیشن کا حکم دیدیا ہے.

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بدترین انتظامات، گندگی، غیر معیاری اشیاء کی فروخت، خراب واش رومز، اور ہر طرف کچرے کے ڈھیروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے موقع پر ہی دونوں کیفے ٹیریاز کو سیل کرنے اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔چیئرمین سی ڈی اے نے شٹل سروس ایریا میں فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کیفے ٹیریاز کی اشیاء کے نمونے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو بھجوانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس ایریا کی فوری اپ گریڈیشن کا منصوبہ طلب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تین ہفتے کے اندر اس علاقے کو خوبصورت اور جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس کے کیفے ٹیریاز اور ویٹنگ ایریا میں صفائی کی ناقص صورتحال، واش رومز کی خرابی، بدبو، اور کمرے میں چارپائیاں شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہیں۔

ویزا کے لیے سفارتخانے جانے والے شہریوں نے غیر معیاری اشیاء کی فروخت اور ناقص انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اب ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس سی ڈی اے کے زیر انتظام چلائی جا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے روزانہ دس الیکٹرک بسیں سفارتخانوں تک آمد و رفت کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شٹل سروس کو استعمال کرنے والے شہریوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اس علاقے کو جلد از جلد اپ گریڈ کیا جائے گا۔اس موقع پر سی ڈی اے ممبران، ڈی ایم اے، اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین کے احکامات پر فوری عملدرآمد کا یقین دلایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.