اسلام آباد میں رات گئے گرینڈ آپریشن،پی ٹی آئی کا احتجاج ختم
اسلام آباد: حکومت نے اسلام آباد کو مظاہرین سے خالی کرا لیا گیا ہے،جبکہ پی ٹی آئی نےاحتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
رات گئے پولیس اور رینجرز نےبلیو ایریا میں اچانک بھرپور آپریشن کیا،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے جس کے بعد ڈی چوک خالی ہو گیا ۔
قیادت کے فرار ہوتے ہی کارکن بھی جناح ایونیو اور سیونتھ ایونیو سے گاڑیاں چھوڑ کر بھاگنے لگے،جناح ایونیو سے واپسی کے بعد پی ٹی آئی مظاہرین گھروں کو لوٹنا شروع ہوگئے ۔
منگل کو دن بھر تحریک انصاف کے کارکنوں کی اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس سے جھڑپیں ہوئیں اورآنکھ مچولی جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق بشری بی بی اور علی امین گنڈا پور کی تلاش جاری ہے اوران کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاہم وہ دونوں کہاں ہیں اس حوالے سے متضاد سامنے آ رہی ہیں۔آپریشن شروع ہوتے ہی بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور ڈی چوک ایریا سے فرار ہوئے، اطلاعات کے مطابق دونوں ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے۔
سکیورٹی اور دیگر ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی گاڑی ہری پور کے راستے خیبر پختونخواکی حدود میں داخل ہوگئی تاہم سرکاری طور پر ابھی اس کی تصدیق نہیں کی گئی ۔
اُدھر ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر احتجاج منسوخ کررہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔