شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہ اجلاس شروع

0

اسلام آباد:شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) کا 23 واں اجلاس وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں جناح کنونشن سنٹر میں شروع ہوگیا۔

وزیراعظم نے ایس سی او اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان حکومت کا آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ اجلاس میں شریک رکن ممالک کے بیشتر سربراہان حکومت اور وزراءگزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آبادپہنچے تھے جبکہ چین کے وزیر اعظم لی چیانگ پہلے ہی سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن اور ایرانی وزیر معدنیات محمد اتابک بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رہنماءایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی وثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ کریں گے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر غور کریں گے۔

کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) شنگھائی تعاون تنظیم کا دوسرا اعلیٰ ترین فورم جس کی سربراہی پاکستان کے پاس ہے اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف اس وقت کونسل کے چیئر کے عہدے پر فائر ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ سربراہ اجلاس میں چین، روس، کرغزستان، بیلاروس، تاجکستان، ترکمانستان، قازقستان، منگولیا، بھارت، ایران اور دیگر ملکوں کے رہنماﺅں کے علاوہ مبصر ممالک اور ڈائیلاگ پارٹرنرز شرکت کررہے ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہونے والےباضابطہ اجلاس سے قبل رکن ممالک کے رہنماﺅں کا خیرمقدم کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں اکتوبر 2023 میں ہونے والے اجلاس میں سال 2023-24 کے لئے سربراہان حکومت کی کونسل کی چئیر سنبھال لی تھی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ رات شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں چین، روس، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، بیلا روس اور ترکمانستان سمیت رکن ممالک کے رہنماﺅں اور مندوبین نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اجلاس میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا، میزبان وزیراعظم نے شریک رہنماﺅں کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔ اجلاس میں منگولیا بطور مبصر ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کررہا ہے۔ایس سی او کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ اور دیگر اہم شخصیات بھی ایس سی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے افتتاحی خطاب کے بعد غیر ملکی وفود کے سربراہان خطاب کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.