بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ
راولپنڈی :بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کر دیا ، تاریخ میں پہلی بار بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں کو وائٹ واش کردیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی سرزمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلہ دیش نے ہوم سائیڈ کا دیا گیا ہدف کسی مشکل کے بغیر پورا کرلیا، امکانات کے باوجود بارش بھی مدد کو نہ آئی۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 185 رنز کا ہدف بنگلا دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بنگلا دیش کے اوپنرز ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز کر آئوٹ ہوئے جبکہ نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی تھی، قومی ٹیم صرف 172 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 185 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی تھی۔