واپڈا 2030 ء تک نیشنل گرڈ میں مزید 10 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرے گا
اسلام آباد : پانی اور پن بجلی کے زیر تعمیر منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے 2030 ء تک واپڈا نیشنل گرڈ میں مزید 10 ہزار میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کا اضافہ کرے گا۔ پن بجلی کی موجودہ پیداوار، جو تقریباًساڑھے 9 ہزار میگاواٹ ہے، بڑھ کر دوگنا یعنی کم و بیش 20 ہزار میگاواٹ ہو جائے گی۔ ان منصوبوں کے مکمل ہونے پر ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت میں بھی 12ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا۔ سستی پن بجلی اورپانی کی یہ اضافی مقدار پاکستان کے اقتصادی استحکام اور معاشرتی ترقی میں مدد گار ثابت ہوگی۔
واپڈا کے ان زیرتعمیرمنصوبوں میں دیا مر بھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، مہمند ڈیم، تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ، نائے گاج ڈیم، کرم تنگی ڈیم، کچھی کینال اور کے فور پراجیکٹ قابلِ ذکر ہیں۔ وفاقی حکومت کی امداد اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی معاونت سے یہ منصوبے 2024ء سے 2030ءکے دوران مرحلہ وار مکمل ہوں گے۔