مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئیں

0

لاہور : مریم نواز بھاری اکثریت سے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئیں۔

وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے موقع پرسنی اتحاد کونسل نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین واک آؤٹ کر کے ایوان سے باہر چلے گئے۔
پیر کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے نعرے بازی اور شور شرابہ شروع کر دیا جس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے ارکان نے بھی نعرے لگائے۔

تھوڑی دیر اجلاس میں ہنگامہ کرنے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے ارکان ایوان سے واک اؤٹ کر گئے اور انہوں نے وزیراعلی کے انتخاب کے عمل کا بائیکاٹ کر دیا۔

اجلاس میں وزیراعلی کے انتخاب کے لیے الیکشن کا عمل شروع ہوا اوپن ڈویژن کے کے ذریعے ارکان سے ان کی رائے لی گئی ایوان کے 220 ارکان نے مریم نواز شریف کو اپنا قائد ایوان منتخب کر لیا۔

سنی اتحاد کونسل کے بائیکاٹ کی وجہ سے سنی اتحاد کونسل کے وزیراعلی کے لیے نامزد امیدوار آفتاب احمد خان نےکوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔
مریم نواز پی پی 159 لاہور سے پنجاب اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں ۔
وزیر اعلی منتخب ہونے کے بعد مریم نواز نے قائد ایوان کی کرسی سنبھالی۔ مریم نواز شریف نے قائد ایون منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہیں ۔ یہ قدرت کا نظام ہے کہ وہ جسے چاہے عزت دے ۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کا ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی کہ اپوزیشن ارکان موجود ہوتے ۔ ہم پر بھی ماضی میں بہت مشکل وقت آئے مگر ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا ۔

انہوں نے کہا کہ میں ان کی بھی وزیر اعلی ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا اور ان کی بھی وزیر اعلی، بہن اور بیٹی ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا میرے چیمبر کے دروازے سب کے لئے کھلے رہیں گے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اپنی جماعت کے ارکان پیپلز پارٹی اور آئی پی پی سمیت دیگر ارکان اور جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور بطور وزیر اعلی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا میرا انتخاب پنجاب کی ہر ماں بہن اور بیٹی کا اعزاز ہے کہ وہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی منتخب ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عورت اور بیٹی ہونا راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.