پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کا سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کا اعلان
اسلام آباد : پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی کی 180 نشستوں پر کامیاب ہوچکے ہیں، الیکشن میں ملک بھرسے پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، ہمارے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں پارٹی پی ٹی آئی لکھا تھا، ہمارےامیدواروں کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ کہا جاتا ہے۔
انہوں نے نے کہا کہ قومی اسمبلی، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں میں ہمارے امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کریں گے، ہمارا اتحاد اس ملک کے لیے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں خصوصی نشستوں کے لیے درخواست کریں گے،الیکشن کمیشن میں آج امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کے دستاویز جمع کرادیں گے۔
سنی تحریک کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کا تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد غیر مشروط ہے،پالیسی صرف عمران خان کی چلے گی۔
یہ کسی کا یکطرفہ فیصلہ نہیں، اس میں عمران خان اور مجلس وحدت المسلمین کی قیادت سے مشاورت اور باہمی اتفاق رائے کے بعد کیا ہے۔
مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کا ساتھ نہیں دیں گے، ہم تحریک انصاف کا بوجھ اُٹھائیں گے،اب پاکستان کو بچانے کا مرحلہ ہے ہم اکٹھے ہوں گے، نام الگ ہیں پر ہم سب ایک ہیں،پیچھے نہیں ہٹیں گے، جب تک زندہ ہیں خان صاحب کے ساتھ ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے کہا کہ جو سپورٹ علامہ ناصر عباس نے عمران خان اور تحریک انصاف کی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔اس سپورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔