پی ٹی آئی کے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کا پلیٹ فارم مل گیا
اسلام آباد:پی ٹی آئی کے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کا پلیٹ فارم مل گیا۔
تحریک انصاف کا مجلس وحدت المسلمین اور جماعت اسلامی سے مجوزہ اتحاد حتمی شکل اختیار نہ کر سکا، پی ٹی آئی اب سنی اتحاد کونسل سے وفاق اور پنجاب میں اتحاد کرے گی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی اجازت دے دی ہے اور آزاد ارکان کو اپنی دستاویز الیکشن کمیشن میں آج ہی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد اس سلسلے میں آزاد منتخب ہونے والے ارکان نے اپنے بیان حلفی جمع کرانے شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ قومی اسمبلی کے 54 ارکان کے پاس کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا آج آخری دن ہے۔
پارٹی وابستگی سے متعلق دستاویزات جمع نہ کرانے پر وہ آزاد تصور ہوں گے میاں اظہر سمیت قومی و صوبائی اسمبلی کے 7 آزاد ارکان مقررہ وقت پر دستاویز الیکشن کمیشن میں جمع نہ کرانے پر پارٹی رکنیت سے محروم ہو گئے ہیں.
میاں اظہر کا 13 فروری کو این اے 129 لاہور سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا لیکن وہ مقررہ مدت تک کسی پارٹی میں شمولیت سے متعلق دستاویزات جمع نہ کرا سکے۔
اسی طرح ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے لیے کامیاب 7 ازاد امیدوار بھی پارٹی وابستگی سے متعلق دستاویز مقررہ مدت میں جمع نہ کرا سکے۔
الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں کی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت سے متعلق سہولت مرکز بھی قائم کر دیا ہے جہاں وہ سیاسی جماعت کے سربراہ کا خط اور اپنا بیان حلفی جمع کرا سکتے ہیں۔
تحریک انصاف کو خیبر پختونخواہ میں حکومت سازی کے لیے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے دو روز میں فیصلہ کرنا ہوگا جبکہ ارکان قومی اسمبلی کے پاس صرف آج کا دن رہ گیا ہے ورنہ وہ پھر آزاد تصور ہوں گے۔