ن لیگ کا ٹکٹ کس کس کو ملے گا ، انٹرویو مکمل
لاہور : مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے راولپنڈی ڈویژن کے چار اضلاع تلہ گنگ، چکوال، اٹک اور جہلم سے ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کرانے والے امیدواروں کےانٹرویو مکمل کر لیے۔
یہ پارلیمانی بورڈ کا چھٹا اجلاس تھا،اجلاس مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، الیکشن سیل کے سربراہ اسحاق ڈار، سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پارٹی کے پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ سمیت پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے علاوہ ڈویژنل کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔
انٹرویو کے دوران تمام امیدواروں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو قائل کرنے کے لیے اپنے حق میں خوب دلائل دیے اور مخالف امیدواروں کے بارے میں بھی قیادت کو اگاہ کیا۔
پارلیمانی بورڈ 2 دسمبر سے اب تک سرگودھا ڈویژن، ضلع راولپنڈی، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، صوبہ بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان سے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کرچکا ہے۔