ایشیا کپ ، بھارت سری لنکا کو ہراکے فائنل میں پہنچ گیا
کولمبو :ایشیاکپ میں سُپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 41 رنز سے ہرا دیا۔
پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 213 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
بھارت نے اننگز کا اچھا آغاز کیا تاہم اسے 80 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔
بھارت کی پہلی وکٹ 80، دوسری 90 اور تیسری وکٹ 91 رنز پر گری جب شبمن گل 19، ویرات کوہلی 3 اور روہت شرما 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان تینوں کھلاڑیوں کو دونتھ ویلالاگے نے آؤٹ کیا،اس کے بعد کے ایل راہول اور ایشان کشن کے درمیان 63 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بھارت کی بیٹنگ لائن کو سنبھالا۔
تاہم 154 کے مجموعے پر ویلالاگے نے کے ایل راہول کا اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔
اسکے بعد چریتھ اسالانکا نے 170 کے مجموعے پر 33 رنز بنانے والے ایشان کشن کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
ویلالاگے نے 5 رنز بنانے والے ہاردیک پانڈیا کو 172 پر آؤٹ کرکے اننگز میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔
چریتھ اسالانکا نے 186 کے مجموعے پر جسپریت بمراہ اور کلدیپ یادیو کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرکے بھارت کے بڑے ٹوٹل کا خواب بھی چکنا چور کردیا۔
میچ بارش کے باعث روکا گیا، تاہم دوبارہ میچ شروع ہوا تو 26 رنز کے ساتھ اکسر پٹیل نے سری لنکا کے بولرز کا مقابلہ کیا، تاہم آخری اوور میں بھی چھکا لگانے کی کوشش میں مہیش ٹھیکشانا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے.
بھارت کے 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی طرف سے دونیتھ ویلالاگے ناٹ آؤٹ 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا 41 اور چاریتھ اسالنکا نے 22 رنز بنائے جبکہ سدیرا سماراوکراما 17 اور کوشل مینڈس 15 رنز بناسکے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رویندرا جڈیجا اور جسپریت بمرا نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں ،اس جیت کے ساتھ بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں بھی پہنچ گیا۔