نواز شریف کی 21اکتوبر کو وطن واپسی کا اعلان
لندن:مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان ہو گیا۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس تشریف لائیں گے۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا۔
لندن میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےشہباز شریف نے کہا کہ محسن عوام محمد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا،نواز شریف 21 اکتوبر بروز ہفتہ لاہور لینڈ کریں گے۔پورا پاکستان میاں نوازشریف کی واپسی کا منتظر ہے انشاءاللہ معیشت اور ملک دوبارہ اسی طرح ترقی کرے گا جہاں پہ میاں نوازشریف نے 2017 میں چھوڑا تھا جب ایک جھوٹے مقدمے میں سازش کے تحت انکو اقتدار سے محروم کیا گیا۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کا لندن میں حسن نواز کے دفتر میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف، چوہدری تنویر اورملک احمد خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں نواز شریف کی پاکستان واپسی پر قانونی رکاوٹیں اور الیکشن کے علاوہ دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی اور واپسی کی تاریخ طے کی گئی