ایشیا کپ کا بڑا مقابلہ ، پاکستان اور سری لنکا کل مد مقابل

0

کولمبو: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 16 ویں ایڈیشن میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سپر فور رائونڈ کا پانچواں میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے جو ایشیا کپ کے دونوں میزبان ممالک پاکستان اور دفاعی چیمپئن سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان (کل)جمعرات کو آر پریما داسا سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔ پاکستان اور دفاعی چیمپئن سری لنکا میں سے جو بھی ٹیم جیتے گی وہ 17 ستمبر کو بھارت کے خلاف فائنل میں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے۔

ایشیا کپ سپر 4 کے میچ میں سری لنکا کے خلاف بھارت کی فتح نے ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل جمعرات کو شیڈول میچ کو سیمی فائنل کی حیثیت دلا دی ہے۔ایشیا کپ سپر فور کے چوتھے میچ میں بھارت کی فتح نے پاکستان کےلیے کیلکولیشن آسان بنادی ہے اور اسے اب رن ریٹ کی فکر کیے بغیر بس سری لنکا سے میچ جیتنا ہے۔ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں اس وقت بھارت دونوں میچز جیت کر چار پوائنٹس حاصل کرچکا ہے، پاکستان اور سری لنکا کو دو ،دو میچز میں سے ایک میں شکست ہوئی اور دونوں ہی کے دو ،دو پوائنٹس ہیں۔

ٹورنامنٹ میں 14 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں سپر فور مرحلے کے میچ میں مدمقابل آئیں گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرجائے گی۔تاہم پاکستانی فینز کی خواہش ہوگی کہ کل جمعرات کو کولمبو میں بارش میچ متاثر نہ کرے کیوں کہ اگر میچ کا نتیجہ نہ آیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تو پھر نیٹ رن ریٹ پر پاکستان ٹیم فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائے گی اور بھارت کی ٹیم کے ساتھ سری لنکا فائنل کھیلے گا۔

پاکستان ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ مایہ ناز فاسٹ بائولرز نسیم شاہ اور حارث رئوف فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے ہیں ۔بھارتی ٹیم کے خلاف سپر فور رائونڈ کے تیسرے میچ میں بھارتی اننگز کے دوران پاکستان ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے یہی وجہ تھی کہ وہ پاکستان کی اننگز میں بیٹنگ کرنے بھی نہیں آسکے تھےاور دونوں کھلاڑیوں کے ایشیا کپ کے آئندہ میچز سے باہر ہونے کے امکانات موجود ہیں ۔ تاہم اس کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پاکستان کو دو میچ کھیلنے ہوں گے۔ پاکستان کا سپر فور مرحلے میں آئندہ میچ 14 ستمبر کو دفاعی چیمپئن سری لنکا سے کولمبو میں ہوگا۔سری لنکا کی ٹیم کو داسن شاناکا لیڈ کر رہے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔یہ ایشیا کپ کا 16 واں ایڈیشن ہے ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے۔ بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سری لنکن ٹیم 6 مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم 2مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ٹورنامنٹ کا سپر فور مرحلہ 15 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.