چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری ،آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس

0

لاہور: لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے رہائی کے بعد گرفتار نہ کرنے کے حکم کے باوجود سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کرنے پر عدالت عالیہ نے آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک جیل سے پرویز الہی کو لیکر عدالت میں پیش ہوں۔عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی کی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی آپریشن لاہور کیخلاف توہین عدالت کی دائر درخواست پر سماعت کی۔جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ کی جانب سے رہائی کے بعد گرفتار نہ کرنے کے حکم کے باوجود چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کرنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی آپریشن لاہور کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔پیر کو سماعت پر عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ،ڈی آئی جی سیکورٹی کامران عادل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کراچی میں ہیں۔جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ پرویز الہی اس وقت کہاں ہیں ؟جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں بالکل نہیں پتہ پرویز الہی کہاں ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ دونوں کو واقعی پتہ نہیں، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ انہیں معلوم نہیں کہ پرویز الہی کہاں ہیں؟عدالتی استفسار پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ پرویز الہی کے حوالے سے اس وقت اسلام آباد پولیس ہی بتا سکتی ہے۔ اس پر عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اٹک جیل سے چوہدری پرویز الہی کو کل کوعدالت میں پیش کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.