یو ایس ماسٹر ٹی ٹین لیگ 18 اگست سے شروع ہوگی

0

فلوریڈا: یو ایس ماسٹر ٹی ۔10 لیگ 18 اگست سے امریکا میں شروع ہوگی جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یو ایس ماسٹر ٹی ٹین لیگ امریکا میں مختصر ترین فارمیٹ کی پہلی لیگ ہوگی جس کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ یو ایس ماسٹر ٹی ٹین لیگ میں 6 مختلف ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی جن میں اٹلانٹا فائر، کیلیفورنیا نائٹس، موریس ویل یونٹی، نیو جرسی لیجنڈز، نیو یارک واریئرز، اور ٹیکساس چارجرز شامل ہیں۔ ان ٹیموں میں ریٹائرڈ کرکٹ لیجنڈز کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔

ماسٹر ٹی۔ 10 لیگ میں پاکستان کے شاہد خان آفریدی، مصباح الحق، کامران اکمل سمیت دیگر کھلاڑی شرکت کریں گے،اسی طرح بھارت کے مایہ ناز آل رائونڈر یووراج سنگھ، گوتم گمبھیر، سریش رائنا جیسے نامور کھلاڑیوں بھی لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پہلی بار ٹی ٹین گلوبل سپورٹس، ماسٹر ٹی۔ 10 لیگ کے میچز بروورڈ کاؤنٹی سٹیڈیم، فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے ۔

لیگ کے ابتدائی روز تین میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ اٹلانٹا فائر اور ٹیکساس چارجرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ، اسی روز دوسرا میچ نیو جرسی لیجنڈز اور کیلیفورنیا جائٹس کے درمیان جبکہ تیسرا میچ نیویارک واریئرز اور موریس ویل یونٹی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے۔ٹی ۔10 کرکٹ کھیل کا مختصر ورژن ہے۔ اس فارمیٹ میں، دو ٹیمیں ایک ہی اننگز میں حصہ لیتی ہیں، جو فی طرف دس اوورز (60 گیندوں) تک محدود ہوتی ہیں، جس سے کھیل کا دورانیہ تقریباً 90 منٹ تک چلتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ٹی ۔10 لیگ نے دسمبر 2017 میں اپنے افتتاحی سیزن کے دوران اس فارمیٹ کو متعارف کرایا تھا۔ مئی 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لیگ کی باضابطہ طور پر منظوری دی تھی ۔ ٹی۔ 10 فارمیٹ نے امریکا میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رکھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.