توہین الیکشن کمیشن ،عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نےتوہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی مسلسل غیر حاضری پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔
اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ انہیں گرفتار کرکے منگل کو کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں آئی جی پولیس اسلام آباد کو کہا گیا ہے کہ عمران احمد خان نیازی الیکشن کمیشن کو انتخابی قانون 2017 کے سیکشن 10 کے تحت الیکشن کمیشن کی توہین کی کارروائی میں درکار ہیں۔
کمیشن کی جانب سے بار بار نوٹس بھجوانے اور قابل ضمانت وارنٹ کے اجراء پر بھی وہ کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ کمیشن نے انتخابی قانون 2017 کے سیکشن 4 کی ذیلی شق 2 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اور دیگر قواعد و ضوابط کے تحت عمران احمد خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔ آئی جی اسلام آباد کو کہا گیا ہے کہ وہ عمران احمد خان نیازی کو گرفتار کرکے منگل 25 جولائی دن 10 بجے پیش کریں۔