شہباز شریف کی شاہ چارلس اور وزیراعظم رشی سنک سے ملاقات ،تاجپوشی کے انتظامات کی تعریف
- لندن: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سنک سے یہاں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا جبکہ شاہ چارلس اور برطانیہ کے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے
دولت مشترکہ ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سنک سے ملاقات میں نئے بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریبات کے لیے منعقد ہونے والی دو روزہ تقریبات کے لیے شاندار انتظامات پر دونوں برطانوی شخصیات کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے گزشتہ سال پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں برطانیہ کی فراخدلانہ مدد کی بھی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے ایک مشترکہ کمیشن کے قیام کی تجویز پیش کی جس کی سربراہی دونوں ممالک کے سربراہان کریں۔ بادشاہ چارلس سوئم اور برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور برطانیہ کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کے حوالے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی تعریف کی ادھر -
وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کے درمیان جمعہ کو ملاقات ہوئی۔ ملاقات دولت مشترکہ کے نئے سربراہ کنگ چارلس سوئم کا خیرمقدم کرنے کے لئے لندن میں منعقدہ دولت مشترکہ کے رہنماﺅں کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سیکریٹری جنرل اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ تنظیم کو ماحولیاتی تبدیلی اور نوجوانوں کے کردار کو بڑھانے جیسے شعبوں میں زیادہ موثر بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دسویں کامن ویلتھ وزارتی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ یہ اجلاس پاکستان میں غیر معمولی سیلاب کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا، سیلاب سے پاکستان کی معیشت اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کے باضابطہ دورہ کی بھی دعوت دی۔ سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔