میانوالی: بزرگ شہری کی مبینہ تذلیل پر ڈی پی او کا ایکشن، ایس ایچ او لائن حاضر
میانوالی: ضلع میانوالی کے علاقے موسیٰ خیل میں ایک 80 سالہ بزرگ شہری کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک اور تذلیل کے واقعے نے عوامی حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مرسلین خان نامی بزرگ شہری کو ایک گھریلو تنازعے کے سلسلے میں پولیس نے حراست میں لیا۔ الزام ہے کہ انہیں تھانے منتقل کرنے کے بعد نہ صرف مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ ان کی مونچھیں بھی مونڈ دی گئیں، جسے اہل علاقہ اور سوشل میڈیا صارفین بزرگ شہری کی عزتِ نفس کی پامالی قرار دے رہے ہیں۔
واقعے کی تصاویر اور تفصیلات سامنے آنے کے بعد عوامی سطح پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب ڈی پی او میانوالی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او موسیٰ خیل انسپکٹر عرفان نیازی کو لائن حاضر (لائن کلوز) کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عرفان نیازی چند ماہ قبل ضلع بھکر سے تبادلہ ہو کر بطور ایس ایچ او موسیٰ خیل تعینات ہوئے تھے۔
پولیس حکام نے مزید انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے انسپکٹر کامران بخت کو نیا ایس ایچ او تھانہ موسیٰ خیل مقرر کر دیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے، حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ملوث اہلکاروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی بزرگ یا بے گناہ شہری کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہو۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں جبکہ انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔