سولر صارفین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان، 25 کلوواٹ تک لائسنس کی شرط ختم

0

اسلام آباد: سولر صارفین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان، 25 کلوواٹ تک لائسنس کی شرط ختم کردی گئی 

 گھریلو اور چھوٹے سولر صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 25 کلوواٹ یا اس سے کم صلاحیت کے سولر سسٹمز پر لائسنس حاصل کرنے کی شرط ختم کر دی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق یہ فیصلہ وزیر پاور اویس لغاری کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔ پاور ڈویژن نے نیپرا کو باقاعدہ خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ چھوٹے سولر صارفین کو لائسنس کے پیچیدہ عمل سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کو مزید تیز کیا جا سکے۔

نیپرا نے پاور ڈویژن کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت اب 25 کلوواٹ یا اس سے کم صلاحیت کے سولر سسٹم لگانے والے صارفین کو لائسنس لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

 اس اقدام سے نہ صرف گھریلو سطح پر سولر انرجی کے استعمال میں اضافہ ہوگا بلکہ بجلی کے بلوں میں کمی اور قومی گرڈ پر دباؤ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس فیصلے سے چھوٹے کاروبار اور متوسط طبقے کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور رکھے ہوئے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.