حج پروازیں جاری ،1357 پاکستانی عازمین حجاز مقدس پر پہنچ گئے
مدینہ منورہ: پاکستانی عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ شروع،مدینہ منورہ میں حج سیزن کی رونقیں بڑھنے لگیں، پاکستان سے قبل از حج پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا اور پہلے مرحلے میں 1357 پاکستانی عازمین مقدس سرزمین پر پہنچ گئے۔
مدینہ ایئرپورٹ پر عازمین کا پرتپاک استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوهاب سومرو نے کیا، جبکہ دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حج مشن کے تحت عازمین کو فوری طور پر مدینہ منورہ کے مرکزی علاقے مرکزیہ منتقل کیا گیا، جو مسجد نبوی ﷺ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
حکام کے مطابق اس سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ انیس ہزار دو سو دس پاکستانی عازمین کے لیے رہائش کے مکمل انتظامات پہلے سے کر لیے گئے ہیں۔
عازمین کو بغیر کسی تاخیر کے رہائش فراہم کی گئی اور ان کی سہولت کے لیے نسک کارڈز بھی رہائش گاہوں پر ہی جاری کیے گئے، جو عبادات اور مقدس مقامات تک رسائی کے لیے لازمی ہیں۔ ان کے اعزاز میں استقبالیہ کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
رہائش کے بعد عازمین نے مسجد نبوی ﷺ کا رخ کیا اور روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی، جو مدینہ پہنچنے کے بعد ہر زائر کی اولین خواہش ہوتی ہے۔
ایک عازم نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور سعودی حکومتوں نے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔
حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید پروازیں مدینہ منورہ پہنچیں گی اور عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل طور پر تیار ہیں۔