انطالیہ ڈپلومیسی فورم،شہباز شریف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے
انطالیہ: عالمی سفارتکاری کے اہم مرکز انطالیہ میں منعقد ہونے والے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف عالمی توجہ کا مرکز بن گئے، جہاں انہوں نے دنیا بھر کے اہم رہنماؤں سے بھرپور اور بامقصد ملاقاتیں کیں۔

فورم کے موقع پر وزیرِ اعظم نے رجب طیب ایردوان، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، قاسم جومارت توکائیف، الہام علیئف اور احمد الشرح سے نہ صرف خوشگوار ماحول میں ملاقاتیں کیں بلکہ عالمی اور علاقائی صورتحال پر کھل کر تبادلہ خیال بھی کیا۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون، امن، اور خطے میں استحکام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

مزید برآں، وزیرِ اعظم کی شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور ویوسا عثمانی سے ملاقاتیں بھی انتہائی اہم رہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سفارتی سرگرمیوں سے بھرپور اس دورے کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی شخصیت اور پاکستان کا مؤقف عالمی رہنماؤں کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث رہا۔

ان ملاقاتوں نے نہ صرف پاکستان کے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤثر کردار کو بھی اجاگر کیا۔