امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کے معترف

0

دوحہ: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دوحہ میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جو نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے اور دنیا کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر گفتگو کی گئی۔


امیرِ قطر نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششیں علاقائی امن اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قطر سمیت خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور عالمی سطح پر ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
اس موقع پر قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، امیری دیوان کے سربراہ عبداللہ بن محمد الخلیفی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات شامل تھیں۔

بعد ازاں امیرِ قطر اور وزیرِ اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر امیرِ قطر نے وزیرِ اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.