وزیراعظم مشاورت کے لیے آج سعودی عرب کا دورہ کریں گے
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
ملاقات میں جاری کشیدگی کے خاتمے، مستقل جنگ بندی کے امکانات اور سفارتی حل کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اس موقع پر پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو بھی اجاگر کریں گے، خصوصاً مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کے تناظر میں یہ ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جس میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، اور پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔