جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد مذاکرات میں شرکت کےلئے اسلام آباد پہنچ گیا
اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکہ کا اعلیٰ سطح کا ایک وفد ہفتہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیاجہاں وہ ”اسلام آباد مذاکرات“ میں شرکت کرے گا،

وفد میں امریکی نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے وفد کا استقبال کیا۔

ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق امریکی وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کےلئے پاکستان پہنچا ہے۔ امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے دیرپا علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے حصول کےلئے امریکی کاوشوں کو سراہا۔

نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ نائب وزیراعظم نے پاکستان کی تنازعہ کے دیرپا اور پائیدار حل کےلئے فریقین کےلئے سہولت کاری جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔