وزیراعظم کا پٹرول کی قیمت میں 12 اور ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی ریلیف کے لیے پٹرول کی قیمت میں 12 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے ۔
پٹرول اب 378 روپے سے کم ہو کر 366 روپے اور ڈیزل 520 روپے سے کم ہو کر 385 روپے پر دستیاب ہو گا،موٹر سائیکل،پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لئے سبسڈی بدستور جاری رہے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج قوم سے ایک تاریخ ساز موقع پر مخاطب ہوں جب اللہ تعالی کے فضل و کرم سے خلیج میں اب جنگ نہیں بلکہ امن کی باتیں ہو رہی ہیں اور وہ فریقین جو کل تک جنگ میں آمنے سامنے تھے اور خطے میں تباہی کا منظر تھا، آج الحمدللہ دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات کو طے کرنے پر راضی ہو چکے ہیں، آج دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے یہ قیامت خیز مہنگائی کا طوفان آیا ہے میں نے قوم سے یہ وعدہ کیا تھا کہ جوں ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گریں گی انشاءاللہ وہ فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچاؤں گا، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے اور مجھے یہ مشورہ دیا گیا کہ پچھلے چند ہفتوں میں عوام تک اس قیامت خیز مہنگائی کو روکنے کے لیے جو حکومت پاکستان نے اپنے وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کیے تھے ان اخراجات کو کم کرنے کے لیے اب تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے اس کا کچھ حصہ عوام کو پہنچایا جائے اور کچھ حصہ روک کر 129 ارب روپے کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے استعمال کیا جائے.وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے ایک لمحے کی تاخیر کیے بغیر یہ تجویز مسترد کر دی کیونکہ جب قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں اور مہنگائی کا بوجھ عوام کے سر ا پڑا تھا تو عوام نے صبر وتحمل اور برداشت کے ساتھ وہ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا اور آج جب قیمتوں میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے تو اس کو اپنی اخلاقی سیاسی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ اس کمی کا ایک ایک روپیہ عوام کے قدموں میں نچھاور کیا جائےجہاں پر تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے وہیں حکومت نے دیگر ذرائع سے کچھ وسائل جمع کر کے اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے اپنے محنتی کسان کے لیے لاگت کم کرنا انتہائی ضروری ہے اگر یہ نہ ہوا تو نہ صرف کسان کی محنت ضائع ہو جائے گی بلکہ عام شہری کے لئے بھی کھانے پینے کی اشیاء بھی مہنگی ہو جائیں گی لہذا ڈیزل کی قیمت میں طور پر 135 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کرتا ہوں ڈیزل کی قیمت جو اس وقت 520 روپے فی لیٹر ہے وہ آج رات 12 بجے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا جس سے نہ صرف زرعی شعبے میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ عام ادمی کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی خاطرخواہ کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں پچھلے ہفتے 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا اس میں آج مزید 12 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر رہا ہوں اور اس طرح پٹرول کی قیمت آج رات 12 بجے سے 378 روپے سے کم ہو کے 366 روپے فی لٹر ہو جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے جمعہ کو انہوں نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے لیے صوبائی حکومتوں کے مشورے اور ان کے بھرپور تعاون کے ساتھ جس ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا تھا چاہے وہ موٹر سائیکل، پبلک ٹرانسپورٹ یا مال بردار گاڑیاں ہوں ان کے لئے وہ سبسڈی بدستور جاری رہے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مشکل ترین حالات میں عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،عوام کا مفاد حکومت کی اولین ترجیح ہے انہیں اس سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں، قومیں صرف حکومتی فیصلوں سے نہیں بلکہ عوام کے اتحاد اور نظم و ضبط سےترقی کرتی ہیں لہذا ہم سب یکسو ہو کر ایثار کے اجتماعی جذبے سے محنت اور دیانت کے ساتھ اللہ تعالی کو گواہ بنا کر اگر آگے بڑھیں گے اور شبانہ روز محنت کریں گے تو انشاء اللہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اپنا عظیم مقام حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی اللہ تعالی کو منظور ہوا تو ہم ایک باوقار ، مضبوط اور ترقی کی طرف تیزی سے منازل طے کرتا ہوا پاکستان آنے والی نسلوں کے حوالے کریں گے۔