پاکستان کی کوششوں سے امریکہ اور ایران کا جنگ بندی پر اتفاق

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی دو ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز پر اصولی طور پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ مجوزہ جنگ بندی فوری اور باہمی نوعیت کی ہوگی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکہ کو ایران کی جانب سے 10 نکاتی تجویز موصول ہوئی ہے، جسے وہ مذاکرات کے لیے ایک قابلِ عمل بنیاد سمجھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ بندی کے حتمی معاہدے کا انحصار ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو فوری اور مکمل طور پر کھولنے پر ہوگا، جو عالمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہیں کہ اگر ایران پر حملے روک دیے جائیں تو ایرانی مسلح افواج بھی اپنی دفاعی کارروائیاں معطل کر دیں گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے، تاہم اس کے لیے باہمی اقدامات ضروری ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی اس سفارتی تجویز نے دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور اگر یہ جنگ بندی مؤثر ثابت ہوتی ہے تو یہ خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.