یو اے ای ڈیپازٹس سے متعلق گمراہ کن تبصرے مسترد
اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مالیاتی ڈیپازٹس سے متعلق گردش کرنے والے گمراہ کن تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دے دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے یو اے ای کے ڈیپازٹس دو طرفہ تجارتی معاہدوں کا حصہ تھے، جو پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اماراتی حمایت کا واضح مظہر ہیں۔
ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان طے شدہ شرائط کے تحت مدت مکمل ہونے پر ان ڈیپازٹس کی واپسی کر رہی ہے، جو ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے، تاہم اسے غلط رنگ دینا گمراہ کن ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور دیگر شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون جاری ہے۔
ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی عوام پاک-امارات دوستی کے فروغ میں شیخ زاید بن سلطان النہیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، یو اے ای کے ساتھ اپنے مضبوط اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم پر قائم ہے۔