اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی فون پر رات گئے مشاورت
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے رات گئے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی حالات، کشیدگی میں اضافے اور اس کے ممکنہ اثرات پر گفتگو کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے لیے جاری تمام سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تنازعات کو بات چیت، سفارتکاری اور پرامن ذرائع سے حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قریبی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ خطے میں پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم پیش رفت سمجھے جا رہے ہیں۔