پیٹرولیم سبسڈی کا فوری آغاز، عوامی ریلیف پیکیج پر عملدرآمد تیز

0

لاہور: پیٹرولیم سبسڈی کا فوری آغاز، عوامی ریلیف پیکیج پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا۔

 
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کا آغاز مقررہ وقت سے قبل ہفتہ کے روز ہی کر دیا گیا، جو پیر سے شروع ہونا تھی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں سبسڈی کے نفاذ اور عوامی ریلیف اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو ایندھن کے ذخائر، کھپت اور سبسڈی کی فراہمی کے نظام پر بریفنگ دی گئی، جبکہ یقین دہانی کرائی گئی کہ ملکی ضروریات کے لیے ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سبسڈی کی رقوم فوری طور پر مستحق شعبوں تک پہنچائی جائیں، جس کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جارہی ہے ۔

مسافر بسوں کے لیے 1 لاکھ روپے ماہانہ
منی بس اور ویگنوں کے لیے 40 ہزار روپے ماہانہ
ٹرکوں کے لیے 70 ہزار روپے ماہانہ
بڑی مال بردار گاڑیوں کے لیے 80 ہزار روپے ماہانہ
ڈیلیوری وینز کے لیے 35 ہزار روپے ماہانہ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد کرایوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنا ہے۔

وفاقی حکومت کو تمام صوبوں کی جانب سے ٹرانسپورٹ سے متعلق تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان نے قومی پیکیج کے لیے اپنی مقررہ رقم جمع کرا دی ہے، جس پر وزیراعظم نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر صوبے بھی جلد اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

وزیراعظم کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف فراہم کیا گیا،پیٹرول لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے 6 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، جس سے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا،ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ واپس لے لیا گیا

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن ریلیف فراہم کرتی رہے گی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، معاونین خصوصی، ڈی جی انٹیلیجنس بیورو اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.