ٹرانسپورٹ سیکٹر کیلئے ڈیجیٹل سبسڈی کی فراہمی شروع

0

لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور عوامی ریلیف کے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کیے گئے اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی طلحہ برکی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ایک مؤثر اور شفاف نظام کے تحت بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو فوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے سبسڈی منتقل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی اپنا کر بچائی گئی رقم عوامی فلاح پر خرچ کرے گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں، جو قومی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔ مزید برآں، عوامی ریلیف کے مختلف اقدامات پر پیش رفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.