امریکی میڈیا ہمارا مؤقف مسخ کر رہا ہے، پاکستان کی سفارتی کوششوں کی قدر کرتے ہیں،عباس عراقچی

0

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی میڈیا ایران کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے۔اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا ۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کا ملک ان اقدامات پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی بھی اسلام آباد جانے یا مذاکراتی عمل میں شرکت سے انکار نہیں کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ کے لیے تہران میں پاکستانی پرچم اٹھائے ایرانی شہریوں کی ویڈیو

بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کی اصل ترجیح اس غیر قانونی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک حتمی اور دیرپا حل تک پہنچنا ہے جو ان کے بقول ایران پر مسلط کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ مذاکرات میں بنیادی توجہ ایسے قابلِ عمل اور پائیدار شرائط پر ہونی چاہیے جو خطے میں مستقل امن و استحکام کو یقینی بنا سکیں۔
عباس عراقچی کے بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں مختلف ممالک سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایران وزیر خارجہ کی طرف سے وضاحت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے اپنے عزیز بھائی کے الفاظ کے ساتھ ایکس اکاؤنٹ پر عباس عراقچی کا ٹویٹ بھی شیئر کیاہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.