پاکستان-فرانس تجارتی فورم: زرعی، لائیو اسٹاک اور ڈیری شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع اجاگر
پیرس: پاکستان-فرانس تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے سلسلے میں زرعی، لائیو اسٹاک اور ڈیری شعبوں پر ایک خصوصی سیشن منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور فرانس سے تعلق رکھنے والی 27
کمپنیوں اور ادارہ جاتی نمائندوں نے شرکت کی۔
سیشن کے دوران زرعی شعبے کے ماہر ایلین ریوکرو اور فائیلم سے وابستہ ڈیری سیکٹر کے ماہر فرانسوا گیری نے تفصیلی پریزنٹیشنز دیں۔
ماہرین نے پاکستان کو فرانسیسی زرعی کاروبار کے لیے ایک ابھرتی ہوئی اور کم دریافت شدہ مارکیٹ قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔
فرانسوا گیری نے پاکستان کے ڈیری سیکٹر پر اپنی جامع تحقیق کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیری پروسیسنگ، کولڈ چین سسٹم کی ترقی، جینیاتی بہتری، جانوروں کی غذائیت اور ویٹرنری خدمات کے شعبوں میں فرانسیسی کمپنیوں کے لیے نمایاں امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب ایلین ریوکرو نے زرعی اور لائیو اسٹاک ویلیو چین کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ٹیکنالوجی کی منتقلی، تربیت اور پائیدار زرعی طریقوں میں دوطرفہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
سیشن کے دوران شرکاء کے درمیان بھرپور تبادلہ خیال ہوا، جس سے ظاہر ہوا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان زرعی تعاون میں نمایاں وسعت کی گنجائش موجود ہے، خصوصاً ان شعبوں میں جہاں فرانسیسی مہارت اور پاکستانی پیداواری صلاحیت ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتی ہیں۔
سیشن کے اختتام پر بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس کے دوران متعدد ممکنہ شراکت داریوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی گئی۔