این اے 127 سے عطاء اللہ تارڑ کی کامیابی چیلنج کرنے کی درخواست خارج
لاہور میں حلقہ این اے 127 سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جنرل الیکشن میں کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذر داری کو الیکشن ٹربیونل نے مسترد کر دیا۔
درخواست ملک ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں انہوں نے عطاء اللہ تارڑ کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل نے کیس کی سماعت کے بعد درخواست کو غلط، ناقابل سماعت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ ٹربیونل کے مطابق درخواست گزار اپنے دعوؤں کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔
سماعت کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملک ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے متعدد بار تاریخیں لی گئیں اور کیس کو ملتوی کرنے کی درخواستیں دی گئیں، تاہم وہ اپنے الزامات کو ثابت کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں بیرسٹر حارث عظمت ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور درخواست کے خلاف مؤقف اختیار کیا۔
ٹھوس شواہد کی عدم فراہمی اور درخواست کے قابل سماعت نہ ہونے پر الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذر داری کو خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔