وزیراعظم کا اعلان: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد،
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 95 روپے اور ڈیزل میں 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز عوامی مشکلات کے پیش نظر مسترد کر دی گئی ہے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس ہفتے مزید 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی تاکہ عوام پر کوئی اثر نہ پڑے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے قیامت خیز اضافے کے باوجود قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کی معاشی حفاظت کے لیے دن رات متحرک ہے اور جنگ کو روکنے کے لیے سفارتی سطح پر ثالثی کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات صرف بین الاقوامی ذمہ داری نہیں بلکہ امت مسلمہ کے بہترین مفاد اور اللہ تعالی کی رضا کے لیے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کفایت شعاری کو اپنا لیں اور غیر ضروری سفر اور ایندھن کے استعمال سے گریز کریں، کیونکہ کفایت شعاری اب اختیاری نہیں بلکہ مشترکہ قومی ذمہ داری بن چکی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ عالمی منڈی میں موجودہ قیمتوں کے مطابق پٹرول 544 روپے اور ڈیزل 790 روپے فی لیٹر ہونا چاہیے تھا، لیکن حکومت عوام کو بالترتیب 322 اور 335 روپے میں فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں حکومت نے 125 ارب روپے کا تاریخی بوجھ اٹھا کر عوام کی حفاظت کی ہے، ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے اور سادگی و کفایت شعاری کی مہم کے ذریعے ہر ایک پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ایک جامع منصوبے کے ذریعے معاشی دباؤ کو کم کرنے اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات پیش کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ قوم کے اتحاد اور تعاون سے یہ طوفان بلاخیز سرخرو ہو کر نکالا جا سکتا ہے اور اللہ کے فضل سے پاکستان معاشی اور سفارتی محاذ پر مستحکم رہے گا۔