پاکستان اور کویت کا مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کو کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل وقت میں کویتی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے کویتی قیادت کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔
اس موقع پر کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں کویت کے ساتھ پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
ولی عہد نے وزیراعظم کے حالیہ خط پر بھی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے حالات بہتر ہونے پر پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیراعظم نے کویتی قیادت کے مثبت جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔