مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان اور چین کا اہم رابطہ، امن کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ
اسلام آباد: نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اُن کی وانگ یی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں مغربی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فوری جنگ بندی، امن مذاکرات کی بحالی، شہریوں کے تحفظ، سمندری راستوں کی سیکیورٹی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔
چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔