خضدار ضمنی انتخاب: سردار اختر مینگل کے جرگے کا بڑا فیصلہ، مولانا قمرالدین کی حمایت

0

خضدار: وڈھ جھالاوان میں سردار اختر جان مینگل کی زیر صدارت منعقدہ قبائلی جرگے میں اہم سیاسی فیصلہ سامنے آ گیا، جہاں این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخابات کے لیے مولانا قمرالدین کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

جرگے میں جھالاوان کے مختلف قبائل کے معتبرین، سرداروں اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سردار اسد اللہ خان مینگل، سردارزادہ میر گورگین مینگل سمیت نوہکزئی، رئیسانی، بارانزئی، براہمنزئی، دولت خانزئی، لہڑی، لانگو، شیخ اور کورائی قبائل کے سرکردہ نمائندے بھی موجود تھے۔

شرکاء نے علاقے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور بالخصوص ضمنی انتخاب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جرگے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں انفرادی کے بجائے اجتماعی فیصلے ہی مؤثر ثابت ہوں گے۔ اسی تناظر میں تمام قبائلی عمائدین نے انتخابی حکمت عملی طے کرنے کا اختیار سردار اختر مینگل کو دے دیا۔

بعد ازاں سردار اختر مینگل نے جرگے کے متفقہ فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے مولانا قمرالدین کی حمایت کا اعلان کیا اور قبائلی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ بھرپور طریقے سے اس فیصلے پر عمل کریں اور امیدوار کی کامیابی یقینی بنائیں۔

جرگے کے شرکاء نے اس فیصلے کی بھرپور تائید کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

سیاسی حلقوں کے مطابق اس مشترکہ فیصلے کے بعد حلقہ این اے 256 میں انتخابی منظرنامہ واضح طور پر تبدیل ہو گیا ہے اور مولانا قمرالدین کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.